بیجنگ10جنوری(آئی این ایس انڈیا)چار سال پہلے چین میں بدعنوانی کے خلاف شروع ہونے والی مہم کے دوران اب تک تقریباً 1.2 ملین افراد کو پکڑا جا چکا ہے اور سزائیں سنائی گئی ہیں۔ بیجنگ میں متعلقہ محکمے سینٹرل کمیشن فار انسپکشن اینڈ ڈسپلن نے بتایا کہ اس دوران ایک ارب یوروسے زیادہ مالیت کے اثاثے بھی ضبط کیے گئے۔ مزید کہ کرپشن کے تقریباً چھبیس سو مشتبہ ملزمان کو، جو مفرور تھے، بیرونی ممالک سے چین کے حوالے کیا گیا۔ اس محکمے کے ایک سرکردہ نمائندے لُو ڈونگ چوآن نے بتایا کہ کرپشن کے خلاف حتمی اورتباہ کن ضرب تک یہ مہم جاری رہے گی۔ سرکاری اخبار چائنہ نیوز کے مطابق صرف 2016ء ہی میں تقریباً چار لاکھ دَس ہزار سرکاری افسران کو سزا دی گئی، جن میں مختلف وزارتوں میں کام کرنے والے چھہتر اعلیٰ افسران بھی شامل تھے۔